331

پاکستان آئی ایم ایف کا پانچواں بڑا مقروض ملک قرار

پاکستان آئی ایم ایف کا پانچواں بڑا مقروض ملک قرار، پاکستان کے ذمے واجب الادا قرضوں کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس وقت پاکستان سمیت دنیا کے 94 ممالک پر آئی ایم ایف کا کل قرضہ 148 ارب 30 کروڑ 75 لاکھ 64 ہزار 839 ڈالر ہے۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کا قیام دوسری جنگ عظیم کے دوران 1944 میں ہوا، آئی ایم ایف 190 ارکان ممالک پر مشتمل ایک بین الاقوامی مالیاتی ادارہ ہے، آئی ایم ایف کے قیام کا مقصد ممالک کو معاشی بحران میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
پاکستان 11 جولائی 1950 کو آئی ایم ایف کا رکن بنا تھا، پاکستان 7 ارب 61 کروڑ 60 لاکھ 32 ہزار 170 ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر آئی ایم ایف کا سب سے زیادہ مقروض ملک ہے۔

رپورٹ کے مطابق قرضے کے اعتبار سے ارجنٹینا آئی ایم ایف کا سب سے زیادہ مقروض ملک ہے، جس کے ذمے 42 ارب 91 کروڑ 17 لاکھ 7 ہزار 275 ڈالر قرض ہے، دوسرے نمبر پر مصر 17 ارب 86 کروڑ 12 لاکھ 13 ہزار 678 ڈالر کا مقروض ہے، یوکرین 9 ارب 99 کروڑ 52 لاکھ 99 ہزار 657 ڈالر کے ساتھ تیسرے، ایکواڈور 8 ارب 11 کروڑ 40 لاکھ 58 ہزار 960 ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے دوران بیرونی قرضوں کا حجم 102 ارب 20 کروڑ ڈآلر سے گھٹ کر 97 ارب 50 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگیا ہے تاہم اس کمی کی وجہ قومی پیداوار میں اضافہ نہیں ہے بلکہ یہ رقم سرکاری خزانے سے ادا کی گئی جس کے نتیجے میں ایک سال کے دوران سرکاری خزانے میں 68 فیصد یا 12 ارب 10 کروڑ ڈالر کی کمی آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں